حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد مویزو نے ماہِ رمضان المبارک کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابرکت مہینہ ملک میں مثبت تبدیلی لانے کا بہترین وقت ہے۔ انہوں نے رمضان 1447 ہجری کو اصلاح اور تعمیرِ وطن کا مہینہ بنانے کی اپیل کی۔
تفصیلات کے مطابق صدر محمد مویزو نے مالدیپ کے عوام اور پوری امتِ مسلمہ کو رمضان کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان صرف روزہ رکھنے کا نام نہیں بلکہ اپنے کردار اور معاشرے کو بہتر بنانے کا موقع بھی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس مہینے میں نماز، روزہ اور دیگر دینی احکام کی پابندی کی جائے اور ملک کے قوانین کا احترام کیا جائے۔ صدر نے کہا کہ ایک اچھا معاشرہ وہ ہے جہاں لوگ پانچ وقت کی نماز ادا کریں، بچوں کی اچھی تربیت کریں اور بزرگوں کا احترام کریں۔
انہوں نے منشیات اور بری عادتوں سے پاک معاشرے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اسلامی تعلیمات اور اپنی ثقافت پر عمل کرنا ہی کامیابی کا راستہ ہے۔
مالدیپ کے صدر نے بتایا کہ حکومت رمضان سے متعلق مثبت سرگرمیوں کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ افطار اور سحری جیسے اجتماعات سے لوگوں کے درمیان محبت اور ہمدردی بڑھتی ہے اور سماجی رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔
ان کے اس پیغام کو ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے جو نہ صرف مالدیپ بلکہ عالمِ اسلام کے لیے بھی یہ پیغام دیتا ہے کہ رمضان کو عبادت کے ساتھ ساتھ اجتماعی اصلاح اور اچھے معاشرے کی تشکیل کا ذریعہ بنایا جائے۔









آپ کا تبصرہ